راجن پور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی، کھاد کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں‘ مہنگائی کی بھٹی میں جھونکنے والوں کو الیکشن میں حساب دینا ہوگا‘ عوام 2023ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو سمندرمیں غرق کردیں گے۔ راجن پور میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے30 فیصد کوٹے کو موجودہ حکومت نے ختم کردیا‘ اب ان کا حساب ہوگا‘ موجودہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دیا‘ عوام 2023ء میں (ن) لیگ کو کامیاب کر کے پی ٹی آئی کو سمندر میں غرق کر دیں گے‘ بجلی کی قیمتیں دگنا ہوچکی ہیں‘ آج کسان پریشان ہے‘ کھاد کی فی بوری کی قیمت 2300 روپے سے 7 ہزارروپے تک پہنچ گئی ہے۔