گلگت بلتستان صوبہ بنانے کیلیے قراردادلائے جانے کی کو شش ناکام

177

راولاکوٹ (آن لائن) آزاد کشمیر کی حکمران جماعت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میںگلگت بلتستان کو صوبہ بنائے جانے کے حق میں قرارداد لائے جانے کی کو شش ناکام ہو گئی۔ ایکٹ74 کی طرح آ زاد کشمیر کی حکمران پارٹی سے متنازع ریاست جموں کشمیر کے دوسرے بڑے علاقے گلگت بلتستان کو پاکستان کا5 واں صوبہ بنائے جانے کے حق میں قرارداد لائے جانے کی کوشش کی گئی لیکن حیران کن طور پر تحریک انصاف کے آ زاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اکثریتی ترین اراکین کی مخالفت کے باعث اس قرارداد کو سامنے لانے کا فیصلہ ہی روک دیا گیا۔ منصوبہ یہ تھا کہ اس قرارداد کی منظوری کے بعد جی بی کی اسمبلی سے بھی ایسی قرارداد منظور کرا کر جواز مہیا کرنا تھا کہ جی بی کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنایا جائے۔ اس سے قبل پاکستان کی قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان خاموش معاہدے کا انکشاف ہوا ہے کہ دونوں جماعتوں نے طہ کر رکھا ہے کہ وہ ملکی قومی اسمبلی میں جی بی کو صوبہ بنوانے مشترکہ طور پر آ ئین میں ترمیم کے لیے قرارداد لائیں گے، ن لیگ جے یوآ ئی اور قوم پرست پارٹیاں پہلے ہی اس ترمیم کی مخالفت کر چکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آ زاد کشمیر اسمبلی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ متفقہ طور پر ایک ایسی قرارداد سامنے لانے جا رہی ہیں جس میں جی بی کو پاکستان کا صوبہ بنائے جانے کی مخالفت کرنا ہے، تحریک انصاف کے اراکین کی حمایت سے یہ قرارداد بھاری اکثریت سے منظور ہو جائے گی۔