کل صاف شفاف الیکشن کرا دیں، تمام صوبوں اور وفاق میں پی پی کی حکومت ہوگی، بلاول بھٹو

280

کوٹلی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے دھاندلی کا مقابلہ کیا، وفاق اور پنجاب کی طرح کشمیر میں بھی کٹھ پتلی حکومت ہے، ہمارے جیالے عمران خان کی کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

کوٹلی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، کشمیر کا بھٹو زندہ ہے، کشمیر کی بی بی زندہ ہے، کشمیر میں جیالے عمران خان کی کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، کٹھ پتلی حکومت سازشوں میں لگی ہوئی ہے، ہم نے آمروں کا مقابلہ کیا، کٹھ پتلی کیا چیز ہے، ہر جیالے کے لیے جیل جانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا کشمیر سے سیاسی نہیں، نسلوں کا رشتہ ہے، پورے پاکستان کو دکھا دیا کشمیر کا بھٹو زندہ ہے، آپ نے دھاندلی کا مقابلہ کیا، پیپلز پارٹی کو قائدِ حزبِ اختلاف کا عہدہ ایک بار پھر دیا،۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کل صاف شفاف الیکشن کرا دیں، تمام صوبوں اور وفاق میں پی پی کی حکومت ہوگی، پی پی کے جیالے آخری جنگ لڑنے کے لیے تیار ہیں، خان صاحب گرین پاسپورٹ کی عزت کے دعوے کا کیا ہوا، وہ دعوی کہ لوگ پاکستان سے روزگار کے لیے باہر آئیں گے، کیا ہوا؟ کشمیر اور پاکستان کے عوام عمران خان سے حساب لیں گے، 10 اکتوبر کو تیر پر ٹھپہ لگا کر کٹھ پتلی سے حساب لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے، غریب دشمن اور عوام دشمن حکومت نے ،اسٹیل ملز کے 10ہزار خاندانوں اور دیگر 16 ہزار خاندانوں کو بے روزگار کر دیا۔