ـ2023ء کے الیکشن میں جیت مسلم لیگ ن کی ہوگی، حمزہ شہباز

114

بہاول پور (آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 2023ء کے الیکشن کی مسلم لیگ ن کی جیت ہوگی، تبدیلی حکومت سے نیا پاکستان تو نہیں بن سکا ، عوام 4 سال میں سوال کررہی ہے کہ پرانا پاکستان ہی واپس لوٹا دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاول پور میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی راہ تک رہی ہے، شریف خاندان کے خلاف
دن رات کرپشن کا راگ الاپنے والے نیازی کے ہاتھ کچھ نہیں لگا، حکومت 32 پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی، آج کسان، مزدور اور نبے روزگار نوجوان پریشان ہیں، فارن فنڈنگ کیس کا جب کھلے گا، رنگ روڈ، آٹا اور چینی اسکینڈل جب سامنے آئیں گے تو نیازی کو بچانے والا کوئی نہیں ہوگا، آج پی ٹی آئی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے ہے، جھوٹی حکومت کے حساب کے دن قریب ہیں،پی ٹی آئی کی حکومت ایک عذاب کی طرح پاکستان پر مسلط ہے، عمران نیازی عوام تمہیں اٹھا کر باہر پھینکنے کے لیے تیار ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ آج 128 روپے لیٹر بکنے والا پیٹرول ہمارے دور میں 65 روپے لیٹر تھا، آج بھی ملک خداداد میں کتنے ہی لوگ بھوکے سوتے ہیں، آج کتنے ہی گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، دوائیوں کے ریٹ غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں،ان حالات میں عمران نیازی عوام تمہیں اٹھا کر باہر پھینکنے کے لیے تیار ہیں۔