دادو(نمائندہ جسارت) ضلع دادو کی کاروباری برادری متحد ہے دادو کی ترقی کی راہ ہموار ہے نو منتخب عہدیدارن سے کاروبار کی ترقی کی امید ہے ،دادو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مستقبل شاندار ہے، دادو کے کاروبار کی ملکی اور غیر ملکی رسائی خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر دادو سمیع اللہ نثار شیخ نے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب و سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ ایس ایس پی دادو اعجاز شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں ہم امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے، چیمبر آف کامرس کے ساتھ قریبی رابطے کی کوشش کریں گے مشترکہ کوششوں سے امن و امان قائم ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زیبسٹ ڈائریکٹر میڈم وحیدہ مہسیر نے کہا کہ سندھ ماضی میں اپنی بہترین تجارت کی وجہ سے مشہور تھا ، تجارتی طور پر دنیا بھر میں سندھ ورکی کے نام سے جانا جاتا تھا نوجوان وزیروں ، مشیروں، منتخب نمائندوں اور وڈیروں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے چھوٹے کاروبار شروع کریں جس سے ان کی کامیابی ممکن ہو۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز دادو کے سیکرٹری جنرل امتیاز قریشی نے کہا کہ دادو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کراچی سے کشمیر اور کینجھر سے کارونجھر تک سندھ کے پورے کاروبار میں اہم مقام حاصل کیاہے ۔اس موقع پر دادو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زبیر احمد دراٹ ، سینئر نائب صدر ذوالفقار علی کھوکھر اور نائب صدر زیبا وگھیو سے ڈپٹی کمشنر دادو نے حلف لیا۔ سالانہ کنونشن میں ضلع بھر کے تاجر حضرات، سول سوسائٹی اور دادو پریس کلب کے صدر صابر بھنڈ،سینیئر صحافی گلن بھنڈ ،سینئر صحافی صدر غوث جھتیال،صحافی لیاقت علی ملک اور دادو چیمبر آف کامرس کے سابق عہدیداران سمیت اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔