پنڈورا پیپرز میں شامل وزرااور مشیر مستعفی ہوجائیں‘ سراج الحق

159

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پینڈورا پیپرز کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن حکومتی وزرا اور مشیران کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں، وہ فوری طور پر عہدوں سے مستعفی ہوجائیں، بصورت دیگر انھیں عہدوں سے برطرف کیا جائے۔ تحقیقات میں سرکاری اثرورسوخ سے بچنے اور شفافیت کے لیے یہ ضروری ہے کہ جن سرکاری ملازمین کے نام شامل ہیں، انھیں بھی عہدوں سے ہٹایا جائے۔سلیکٹو احتساب سے اب تک خرابی ہوئی ہے، احتسابی عمل بدنام ہوا ہے ۔وقت آ گیا ہے کہ احتساب سب کا ہو، اور کسی وقتی سیاسی فائدے کے بجائے حقیقی معنوں میں ہوتا دکھائی دے۔ جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا، وہ مافیا ملکی سیاست و حکومت پر قابض ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ پنڈورا پیپرز سے پھر واضح ہوا کہ کرپشن ملکی اشرافیہ کے رگ و پے میں سرایت کر چکی ہے۔ پاناما پیپرز کے ساڑھے چار سو ناموں کے خلاف ہماری پٹیشن اب تک سپریم کورٹ میں سماعت کے انتظار میںہے۔