سکھر (نمائندہ جسارت) ملک میں اشیائے خور ونوش، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے کے خلاف جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام شہریوں کا جناح چوک پر وفاقی حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کیخلاف نیم برہنہ و گلے میں زنجیر ڈال کر انوکھا احتجاج، وفاقی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی، اصلاح الدین شیخ و دیگر کا حکام بالا سے نوٹس لے کر قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق مظاہرے کی قیادت جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ، حبیب احمد، توقیر علی میمن، نواب عدنان بندھانی، رئیس خان، محمد رضا شیخ، نعیم الدین شیخ، فرمان شیخ، حاجی احسن علی انصاری مسعود شیخ، شاھد بندھانی و دیگر کر رہے تھے۔ مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجود حکومت نئے پاکستان کے نام پر عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرا کر نیا قبرستان بنا رہی ہے آج ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث متوسط طبقہ 2 وقت کی روٹی کیلیے ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہے اور وفاقی حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اشیائے خور ونوش سیمت تمام مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اضافہ کر رہی ہے۔ حکومت کرپٹ سیاستدانوں، بیورو کریٹس اور سرکاری افسران سے تو ایک دھیلا بھی وصول نہیں کر سکی مگر عوام سے روٹی اور طبی سہولیات چھین لی، حکمران اپنی عیاشیوں میں مگن ہیں انہیں غریب عوام کی پریشانیوں کا کوئی خیال نہیں ہے، ہمارا مطالبہ ہے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو فی الفور کنٹرول کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے خور ونوش، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل ہوسکے۔