حب ، گوادر ، پسنی اور ماڑہ بندرگاہوں پر درجنوں کشتیاں تباہ ، ریسکیو کا کام جاری

155

لسبیلہ (نمائندہ جسارت) حب، گوادر، پسنی، اورماڑہ میں سمندر طوفان کے پیش نظر تیز لہروں درجنوں کشتیاں تباہ ہوگئیں، بلوچستان فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی، ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ بلوچستان فشریز کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری، محدود وسائل اور تیز لہروں کے باعث کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ فشریز اور بلوچستان فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی گوادر کے ڈائریکٹر ناگمان بلوچ، حاجی باسط بلوچ، گوادر ہاربر پر موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب تک ایک بڑی لانچ، 2 اوڑے اور 16 سے زائد کشتیاں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ متعد کنارے پر لنگر انداز ہونے والی کئی کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث ڈوب گئی ہیں۔ اورماڑہ میں بھی بلوچستان فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے ڈائریکٹر ندیم بخت کی زیر نگرانی ریسکیو کا عمل جاری ہے اور وہاں بھی 12 سے زائد کشتیاں تباہ ہوئی ہیں، کئی کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث ٹوٹ گئی ہیں اور تیز لہروں پانی کے بہاؤ کی وجہ سے اندازا نہیں لگایا جاسکتا کہ کتنی کشتیاں سمندر کے کنارے پر ڈوبی ہوئی ہیں۔ چیئرمین بلوچستان فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی سردار کامران لاسی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، بلوچستان فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی، محکمہ بلوچستان فشریز کی جانب سے محدود وسائل میں کام کررہے ہیں، وفاقی اداروں کی سست روی کی وجہ سے متعدد کشتیاں ڈوب رہی ہیں جس سے ماہی گیروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ریسکیو عمل تیز نہیں کیا گیا تو مزید نقصان کا خدشہ ہے، بی ایف سی ایس ماہی گیروں کی مدد کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔