گوادر میں سی پیک کا پہلا منصوبہ مکمل، افتتاح کردیا گیا

76

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) گوادر میں سی پیک کا پہلا منصوبہ مکمل ہوگیا، پاک چائنہ ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا، افتتاحی تقریب میں چینی سفیر نونگ رونگ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ انسٹیٹیوٹ پاک چین کی 70 سالہ دوستی کی ایک نشانی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 10 ملین ڈالر کی لاگت سے 20 مہینے کی مختصر ترین مدت میں تیار کیا گیا ہے، انسٹیٹیوٹ میں جدید قسم کے آلات اور مشینری موجود ہے جہاں پر گوادر سمیت بلوچستان کے نوجوانوں کو بہترین فنی تعلیم اور ہنر سکھایا جائے گا، طالبعلموں کو نہ صرف مفت رہائش بلکہ اسکالر شپ بھی دی جائے گی۔ چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کوپک کے چیئرمین ژانگ باؤشنگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ادارے کے قیام کا مقصد خطے کے باصلاحیت نوجوانوں کی فنی تربیت کرکے باعزت روزگار کے حصول میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ اس موقع پر جی او سی 44 ڈویژن میجر جنرل عنایت حسین، پاک نیوی کے کمویسٹ رئر ایڈمرل جواد احمد، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی، کمانڈنگ آفیسر 440 بریگیڈ بریگیڈئر فہد منصور کیانی، اسسٹنٹ کمشنر گوادر راجا اطہر عباس، پاک چائنہ اسکول کی طالبات و اساتذہ بھی موجود تھے۔