کراچی ( پ ر)کوئٹہ ٹائون کے مکینوں نے رہائشی پلاٹوں پر پورشن/فلیٹ کی تعمیرات کے خلاف پبلک ایڈ کمیٹی کے ساتھ ملکر مسائل کے حل کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔مکینوں کا کہنا ہے کہ کراچی تجاوزات کے خاتمہ کیس اور عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق کوئٹہ ٹائون میں بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور رہائشی پلاٹوں پر غیر قانونی پورشن/فلیٹ بننے سے روکا جائے ،کیونکہ یہ صرف غیر قانونی ہی نہیں بلکہ تعمیرات کا بغیر رکاوٹ کے کوئٹہ ٹائون انتظامیہ اور ایس بی سی اے کی ملی بھگت سے جاری رہنا توہین عدالت بھی ہے۔دریں اثنا اس سلسلے میں ممبران پر مشتمل نمائندہ وفد نے پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے صدر قطب احمد سے ملاقات بھی کی اور سوسائٹی میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی۔کوئٹہ کو آپریٹو سائٹی کے وفد نے قطب احمد کو بتایا کہ ہم نے غیر قانونی تعمیرات سے سوسائٹی کو متعدد بار آگاہ کیا،ان سے کئی ملاقاتیں کیں،حتیٰ کہ مظاہرہ بھی کیاگیا لیکن سوسائٹی نے اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا بلکہ پچھلے دو سالوں میں پورشن مافیا کے ساتھ ملی بھگت سے اس میں بے پناہ اضافہ ہوا،جس پر ہمیں انتہائی تشویش ہے۔ممبران نے قطب احمد کو مزید بتایا کہ ہم نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو بھی درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی،کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔قطب احمد نے کوئٹہ کوآپریٹو سوسائٹی کے وفد کے مسائل غور سے سنے اور اپنے ہر ممکن تعاؤن کی یقین دہائی کرائی۔انہوں نے کہا کہ پبلک ایڈ کمیٹی ،کوئٹہ ٹاؤن کو آپریٹو سوسائٹی کے مکینوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور اس سلسلے میں جلد عملی اقدامات بھی کریں گے۔