انتخابی ترمیم کے خلاف عدالت عظمیٰ جائیں گے، شاہد خاقان

159

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انتخابی ترمیمی بل کےخلاف عدالت عظمیٰ جائیں گے، ای وی ایم پر صاف شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے، ای وی ایم میں الیکشن چوری کرنا آسان ہوگا، حکومت ای وی ایم کے ذریعے الیکشن جیتنا چاہتی ہے، حکومت کے پاس الیکشن جیتنے کا واحد طریقہ یہی رہ گیا ہے اسی لیے وہ ای وی ایم پر زور لگا رہی ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ بل پاس کرانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا اگر حکومت انتخابی ترمیمی بل پاس کرالیتی ہے تو ہم عدالت عظمیٰ جائیں گے، خود الیکشن کمیشن بھی عدالت جائے گا، الیکشن کمیشن اس نظام پر عملدرآمد کرہی نہیں سکتا، 2 نظام ہوہی نہیںسکتے۔ حکومت نے 2018ءمیں آر ٹی ایس بند کردیا اب ای وی ایم کے ذریعے چوری کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ای وی ایم میں بڑی آسانی سے دھاندلی کی جاسکتی ہے، ہوسکتا ہے ای وی ایم میں بلیک باکسز ووٹنگ کا ٹائم ختم ہونے پر ووٹ بدل دے ای وی ایم کے ذریعے الیکشن چوری کرنے میں حکومت کو آسانی ہوگی۔