لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ الیکشن ریفارمز کے نام پر حکومت نے ڈیجیٹل دھاندلی کا مکمل منصوبہ بنایا ہے، جماعت اسلامی نام نہاد اصلاحات کو قبول نہیں کرے گی، الیکشنز میں اندھی طاقت اور دولت کے استعمال کو ختم کرنا پڑے گا۔
منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوام کے مسائل فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر حل نہیں ہو سکتے، رولنگ ایلیٹ ملک کا سب کچھ کھا گئی، عام آدمی کے مسائل جوں کے توں ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ طاقتور طبقات کی الیکشن عمل میں مداخلت روکنا ہو گی، پی ٹی آئی کی اصلاحات دکھاوے اور اپنے مفادات کے تحفظات کے لیے ہیں،ہم نہیں سمجھتے وڈیرے اور سرمایہ دار ملک میں پائیدار قانون کی بالادستی کے حق میں ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظام ان سب کے لیے خطرہ ہے، سیکولر قوتوں کے ایجنٹ قرآن و سنت کے نظام سے خائف ہیں، قوم جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر ملک میں دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد کرے۔