اسلام آباد: ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ‘ مزید 58 شہری متاثر

116

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 58 شہری ڈینگی وائرس سے بیمارہوئے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے بیمار افراد کی تعداد 275 تک جا پہنچی ہے۔ صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو ڈینگی سے بچاﺅ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا کے مطابق مزید 58 شہری ڈینگی سے بیمار ہوئے ہیں، جن میں سے شہری علاقوں میں 32 کیس اور دیہی علاقوں میں 26 کیس رپورٹ ہوئے۔ ڈی ایچ او کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ شہریوں کی بڑی تعداد ہولی فیملی، بے نظیر بھٹو اور پمز اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ ہولی فیملی میں ڈینگی کے 126 مریض، بے نظیر بھٹو اسپتال میں 40، پمز میں 32 مریض زیرِ علاج ہیں۔