میرپورخاص(بیورو رپورٹ)میر پور خاص میں عدالت کے باہر وکیل اور خاتون پر حملہ کیا گیا ، خوش قسمتی سے دونوں محفوظ رہیں، حملے سے بچنے کے لیے گاڑی بھگانے پروکیل کی ٹکر، دو راہگیر زخمی، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم روڈ کی رہائشی خاتون نذیراں اُجن نے اپنے شوہر محمد سلیم مری سے تحفظ کے لیے فرسٹ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی اپنی خاتون وکیل نورالامین کے ذریعے درخواست دائر کی تھی جس پرعدالت نے نذیراں اُجن کو سیف ہائوس منتقل کرنے کا حکم دیا اس دوران وومن پولیس کی عدم موجودگی میں وکیل اپنی موکلہ کو کھانا کھلانے کے لیے مارکیٹ چوک لے گئیں جاں ان پر دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی اس دوران خاتون وکیل بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور اپنی گاڑی کو تیز رفتاری سے دوڑاتی ہوئی احاطہ عدالت میں داخل ہوگئی تیز رفتاری کے باعث انکی گاڑی ایک کار سے بھی ٹکرائی اور دو راہگیر بھی کار کی زد میں آکر زخمی ہوگئے اطلاع ملنے پر وومن پولیس عدالت پہنچی جہاں انہوں نے نذیراں اُجن کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا جبکہ خاتون وکیل کے میرپورخاص کے وکلا بار روم میں لے گئے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا پولیس کے مطابق حملہ ہونے والی جگہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جسکے بعد مقدمے کا اندراج ہوگا۔