جھکیں گے نہیں مشکل میں افغان بھائیوں کی مدد کریں گے،شیخ رشید

273

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر سلمان شہباز کو کلین چٹ مل گئی ہے تو وہ اپنے تایا کو ساتھ لے کر پاکستان واپس آئیں‘ جھکیں گے نہیں‘ افغانستان میں انسانی بحران پیدا ہوا تو ہم افغان بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔ اسلام آباد میں خواتین ایوان صنعت و تجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ کر کردارادا کرنا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جس طرح امریکی سینیٹ میں بل گیا ہے لگتا ہے کہ پا کستان کے اور بڑے امتحان ہوسکتے ہیں لیکن ہم سرنڈر نہیں کریں گے‘ ہم طالبان کی کوئی عسکری مدد نہیں کر رہے یہ سب بکواس ہے‘ دنیا خاص کر بھارت کی ایجنسیوں کو شکست ہوئی ہے‘ بھارت ناکام اور نامراد ہوکر کابل سے نکلا ہے‘ اس کا چہرہ لٹکا ہوا ہے اور وہ پاکستان پر الزام لگا رہا ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور چاہتے ہیں دنیا بھی بدلے ہوئے افغانستان کے ساتھ کھڑ ی ہو‘ ان کے منجمد فنڈز کو ریلیز کرے‘ افغانستان جانے والوں کی تعداد آنے والوں سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن میں2 سال باقی ہیں اندرونی سیاست کے بجائے پاکستان انٹرنیشنل سیاست میں داخل ہونے جا رہا ہے‘ پاکستان ایک چرچل پوسٹ ہے اس علاقے میں پاکستان کا بڑا اہم کردار ہے‘ دنیا کی کوئی سپر پاور ہمارے اس کردار کو ہم سے نہیں چھین سکتی‘ ہم پر بڑے بڑے امتحان اور دشواریاں آئی ہیں لیکن ہم نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ایک قوم ہونے کا ثبوت دیا ہے۔