کلین چٹ ملنے کے بعد حکومتی صفوں میں کہرام مچاہوا ہے،شہباز شریف

165

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات اوربرطانیہ کی عدالت سے کلین چٹ ملنے کے بعد حکومتی صفوں میں کہرام مچا ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شہباز شریف کے ترجمان ملک محمد احمد خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ اور پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی موجود تھیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ سوا 3سال میرے خاندان کے خلاف طوفان بدتمیزی مچا رہا، اربوں ، کھربوں کے الزامات لگے لیکن حالیہ فیصلے سے حقائق پوری قوم کے سامنے آچکے ہیں،یہ تاثردیا جارہا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی نے از خود تحقیقات کا آغاز کیا لیکن خط و کتاب سے سب کچھ واضح ہے ، ڈی جی نیب لاہور نے لندن کا دورہ کیا اور نیشنل کرائم ایجنسی کو معاونت کی پیشکش کی ، تحقیقات کے دوران جب ہمارے خلاف پیشرفت ہوتی ہوئی نظر نہیں آئی تو نیب اور ایسٹ ریکوری یونٹ کے ہاتھ پائوں پھول گئے اور پھر ایف آئی اے کی بھی انٹری کرائی گئی ،عدالت کے ٹھپے کے بعد عمران نیازی اور ان کے چیلوں کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا ہے، مجھے بدنام کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، قدرت کا نظام ہے، وقت ثابت کرے گا کون صادق اور امین ہے، کیا علیمہ خان کی مشینوں کا کیس نیشنل کرائم ایجنسی کو بھیجا گیا ؟ یہ سنگین مذاق اب ختم ہونا چاہیے ،یہ فیصلہ اعلیٰ عدالتوں ، مقنہ سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کے لیے لمحہ فکر ہے،عمران خان کو دن اوررات میں خواب میں ملتاہوں،میری بدنامی پرجتنا پیسہ حکومت نے خرچ کیاوہ توکردیا،حکومت نے میرے ساتھ ساتھ ملکی ساکھ بھی متاثر کی ،کسی کو عدالت عظمیٰ، عدالت عالیہ اور اب لندن کی عدالت کے فیصلے کے بعد بھی کوئی شک ہے تو وہ کسی حکیم سے اپنا علاج کرائے ،جب جادو ٹونہ بند ہو جائے گا تو ملک میں چلنے والا تماشہ بھی بند ہو جائے گا ۔