علی گیلانی و دیگر شہدا ء کی جبری تدفین ‘ اسلام آباد میں احتجاج

203

اسلام آباد(آن لائن)فرینڈزآف کشمیرانٹر نیشنل کے زیراہتمام غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں شہید حریت قائد سید علی گیلانی اور دیگر شہداکی جبری تدفین کے خلاف ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا ہے مظاہرے کی قیادت حریت رہنما اور فرنڈزآف کشمیرانٹر نیشنل کے وائس چیئرمین عبدالحمید لون نے کی۔مظاہرین نے بھارتی حکومت اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔مظاہرین سے مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کی میت کو ان کی وصیت کے مطابق مزار شہدا سری نگر میں سپرد خاک کرنا چاہتے ہیں اور اس مذہبی رسوم کے لئے بین الاقوامی برادری بھارت پر دباو ڈالے۔مقررین نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کر کے نامعلوم جگہوں پر دفن کرکے وارثین کو آخری رسومات میں بھی اجازت نہیں دیتی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں سے ہے۔مظاہرے سے حریت رہنما عبدالحمید لون نے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض افواج کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور وہ انسانی حقوق کی پامالیوں میں کوئی شرم محسوس نہیں کررہی ہے۔