فیصل آباد ( نمائندہ جسارت) فیصل آباد میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے اپنے فائنل تھیسز کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ اور اساتذہ سمیت صنعتکاروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ ٹیکسٹائل ڈیزائننگ کے طلبہ نے تھیسز میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین کام کے لیے ضروری ہے کہ آئیڈیاز بھی بہترین ہوں۔ ٹیکسائل ڈیزائننگ کا یہ کام اس شعبے کے روشن مستقبل کا ضامن بھی ہے اور طلبہ کی اس شعبے میں مہارت اس بات کی نشاندہی بھی کرتی ہے کہ پاکستان کی نئی نسل اس شعبے کے چیلنجز کا سامنا کرنے کو تیار ہے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ اس نمائش کے انعقاد کا مقصد بھی طلبہ کو مستقل میں کامیاب بنانے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ نمائش میں جدید ملبوسات، جوتوں، صوفہ سیٹ، سمیت دیگر ماڈلز کی نمائش کی گئی، جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔