جونیئر ہاکی چمپئن شپ کیلیے کھلاڑیوں کی تیاریوں کا اعلان

301

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے مستقبل کے لئے مختلف کٹیگری میں کھلاڑیوں کی تیاری کا اعلان کردیا، جونیئر ہاکی چمپیئن شپ کے لیے3 مختلف کٹیگری میں اوپن ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کا مقصد میرٹ کی بنیاد پر ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔ پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین کے اعلامیہ کے مطابق کے ایچ اے کے زیر اہتمام انڈر 12 ، انڈر 14 اور انڈر 16 کراچی ٹیموں کو منتخب کرنے کے لیے 2 روزہ ٹرائلز ہفتہ 2 اکتوبر صبح 9:00 بجے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں شروع ہوں گے۔ کراچی بھر سے جونیئر ہاکی چمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے 3 الگ الگ ٹیموں کے انتخاب کے لیے ٹرائلز منعقد کیے جا رہے ہیں۔نوجوان کھلاڑی جو ٹیموں میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں وہ کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم میں فیصل اسماعیل اور مناہل نیازی کو رپورٹ کریں گے.کے ایچ اے کی جانب سے سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،جس میں لئیق لاشاری چیئرمین جبکہ ممبران میں تسنیم عثمانی ، سلمان شیخ اور ایم خالد جونیئر شامل ہیں۔تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہیں کہ وہ اپنے ہمراہ ب فارم بھی لیکر آئیں.کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین کے مطابق کے ایچ اے نے کھلاڑیوں کی 3 درجے بندی کا نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے.جس کا مقصد مستقبل کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا الگ الگ پول بنانا ہے۔