اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ برطانیہ میں شہباز شریف کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں تھا اور نہ ہی وہ کسی عدالت سے بری ہوئے ہیں،برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے سلمان شہباز کے منجمند کیے گئے اکائونٹ کو بحال کیاگیا ہے،شہباز شریف اور ان کے خاندان کو28ارب روپے کی جعلی ٹی ٹیز کی رسیدیں دینا پڑیں گی۔ گزشتہ روزنیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ برطانوی بینک نے سلمان شہباز کی مشکوک ٹرانزیکشن سے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو آگاہ کیا، این سی اے نے اس مشتبہ ٹرانزیکشن کی انویسٹی گیشن سے متعلق برطانوی عدالت کو آگاہ کیا جس کے بعد سلمان شہباز کے اکائونٹ کو12ماہ کے لیے منجمد کیا گیا، ایک بار پھر اس میں توسیع کی گئی،10ستمبر کو اس منجمد اکائونٹ کو غیر منجمد کر دیا گیا ہے۔