اسلام آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کرپٹ مافیا پنجاب میں کاغذوں میں بھی کوئی منصوبہ نہ بناسکا وہ شہباز شریف کو لاہور کی ترقی کا طعنہ دے رہاہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا پنجاب میں شہبازشریف کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگانے والے شہباز شریف کو لاہور کا طعنہ دے رہے ہیں ،شہباز شریف نے پنجاب کے لیے جو کیا وہ حالیہ پنجاب کے کنٹونمنٹ کے الیکشن کے نتائج سے ظاہر ہے، برطانوی عدالت کے فیصلے کے بعد عمران صاحب اور کرائے کے ترجمانوں کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اور ان کے کرائے کے ترجمان شہباز شریف سے عداوت اور حسد کی سزا پنجاب کو دے رہے ہیں۔ انہوں نے لاہور کو کچرے کے ڈھیر میں بدل دیا ،انہیں شہباز شریف پر الزام تراشی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا 9 سال خیبرپختونخوا میں کچھ نہ کرسکنے والے جھوٹے کرپٹ مافیا کو بی آرٹی پشاور کے کھڈوں میں شرم سے ڈوب جانا چاہیے۔