سندھ کے لوگوں کو زرداری نظام سے چھٹکارا دلائیں گے، خرم شیر

60

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈھائی سال قبل آصف زرداری کیخلاف ایک درخواست دائر کی تھی۔ آصف زرداری نے اپنے نیویارک فلیٹ کے اثاثے چھپائے، نیب اس کیس کے حوالے سے نوٹس لے چکا ہے۔ آصف زرداری کی کیس میں ضمانت سے ظاہر ہوتا ہے دال میں کچھ کالا ہے، لیکن ہم اس سینما والے کے بیٹے کو نہیں چھوڑیں گے۔ سندھ کے لوگوں کو زرداری نظام سے چھٹکارا دلانا ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما عدنان اسماعیل، اظہر لغاری، نواز مندوخیل، گوہر خٹک اور دیگر موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کے سی آر کے انفرااسٹرکچر کی بنیاد رکھ دی ہے۔ کے سی آر سے متعلق مخالفین نے بے تحاشا مخالفت کی۔ صوبہ سندھ کی نامور شخصیات جلد پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے، کیوں کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی سندھ میں اپنی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہ عمران خان اس وقت سندھ کے مسائل پر بہت سنجیدہ ہیں۔ کراچی شہر کیلیے خوشخبریوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔