مورو( نامہ نگار)مورو شہر کے شہر نیو جتوئی میں قائم رورل ہیلتھ سینٹر میں رات کے وقت کوئی بھی ڈاکٹر یا میڈیکل عملہ موجود نہ ہونے کی وجہ سے مریض سخت پریشان ایکسیڈنٹ یا ایمرجنسی میں علاج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے لوگ مرنے لگے‘ انتظامیہ خواب غفلت کی نیند میں سو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مورو شہر کے نیو جتوئی شہر میں قائم رورل ہیلتھ سینٹر نیو جتوئی تعلقہ مورو میں ڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ نہ ہونے کے خلاف اور ایکسیڈنٹ اور ایمرجنسی کی حالت میں طبی مدد نہ ملنے کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج ‘ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ نیو جتوئی کے نوجوان کامیٹی کے رہنما یار محمد ملاح نے صحافیوں کو بتایا کہ میڈیکل سینٹر قائم ہے‘ بلڈنگ ہے ڈاکٹرز اور عملے کی ڈیوٹیاں بھی لگی ہوئی ہیں ہر ماہ تنخواہ اور کورونا وائرس الائونس بھی اٹھا رہے ہیں ڈیوٹی چور ڈاکٹرز اور میڈیکل عملے کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کی جارہی ہے کچھ روز پہلے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسد کلہوڑو نے دورہ کیا توکچھ عملہ موجود تھا پر وزٹ کے بعد عملہ پھر غائب ہوگیا‘ نیوجتوئی کے عوام بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے اپنی قیمتی جانیں گنواں رہے ہیں‘ایسا لگتا ہے جیسے نیوجتوئی شہر کا رورل ہیلتھ سینٹر تعلقہ مورو صرف لوگوں کی موت کی وجہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے منسٹر آف ہیلتھ، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز، ڈی ایچ او نوشہروفیروز، اسسٹنٹ کمشنر مورو اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رورل ہیلتھ سینٹر نیوجتوئی میں دن اور رات کو ڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ مقرر کیا جائے جو اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے نبھائے تاکہ لوگوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر ہوسکے۔