کراچی(نمائندہ جسارت) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نیب چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی سخت مخالفت کرینگے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پی پی پی نیب چیئرمین کی مدت ملازمت میں غیرقانونی توسیع کی سخت مخالفت کرے گی، قانون میں متعین مدت میں توسیع نہیں ہوسکتی لہذا تاریخ کے متنازع ترین چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش منظو نہیں۔بلاول زرداری
نے کہا کہ مدت ملازمت میں توسیع کی کوشش ہمارے اس بیانیے کو درست ثابت کرے گی کہ نیب غیرجانب دار ادارے کے بجائے عمران خان حکومت کا آلہ کار ہے۔علاوہ ازیںپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری ہنگامی دورے پر امریکا روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بلاول زرداری دورے کے دوران اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول زرداری امریکا میں ایک ہفتہ قیام کریں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جولائی میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری امریکا کے دورے پر گئے تھے جس پر حکومتی حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی۔