آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع قیادت کا فیصلہ تھا، حمزہ شہباز

125

لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے شریف خاندان میں اختلافات کی خبروں کو تقویت بخشتے ہوئے کہا ہے کہ موجوہ آرمی چیف کے عہدے کی مدت میں توسیع کرنے کیلیے ایوان میں ووٹنگ کا معاملہ مبہم نہیں ہے کیونکہ یہ پارٹی قیادت کا فیصلہ تھا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں یہ صحیح فیصلہ تھا جو صحیح وقت پر لیا گیا، قوموں کی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے جب فیصلے ذاتی مفاد کے بجائے قومی مفاد میں لیے جاتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے یہ بات مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کے اس بیان کے بارے میں سوال پر کہی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کا حصہ نہیں تھیں اور جو اس فیصلے کا حصہ تھے انہیں (قوم سے) معافی مانگنی چاہیے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ پارٹی مزاحمت یا مفاہمت کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں جس میں تمام جماعتوں کو یکساں سطح پر کارکردگی دکھانے کا موقع ملے۔