کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں مہنگی چینی درآمد کرکے قومی خزانے کو لوٹنے کی بڑی واردات کی ہے،فی کلوچینی 123 روپے در آمد کرنے کا فیصلہ قومی خزانہ پر ڈاکا نہیں تو اور کیا ہے۔پیرکو جاری اپنے بیان میں شازیہ مری نے وزیراعظم سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ملک میں لوٹ مار کر رہے ہیں یا کرامات کر رہے ہیں۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی پی پی پی نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو 85 روپے کلو چینی بیچی جائے گی تو پھر 38 روپے کس کی جیب میں جائیں گے اور اوپن مارکیٹ میں کوئی اتنی مہنگی چینی نہیں خریدے گا۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان اپنے مالی سہولت کاروں کو امیر سے امیر ترین بنا رہے ہیں، انہوں نے معیشت سے وابستہ ہر وزارت اور محکمہ میں مالی سہولت کار بٹھا رکھے ہیں۔ شازیہ مری نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا ملک کی تمام شوگر ملز بند ہو چکی ہیں۔