لندن (صباح نیوز)برطانوی عدالت نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور ان کے خاندان کو منی لانڈرنگ اورمجرمانہ سرگرمیوں کے الزامات سے بری کردیا ۔ عدالت نے منجمد اکائونٹس بھی بحال کرنے کا حکم د ے دیا ہے۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے شہباز شریف اور ان کے بیٹے سلیمان شریف کے منجمد بینک اکائونٹس کی تحقیقاتی رپورٹ ویسٹ منسٹر کورٹ میں جمع کرائی۔رپورٹ کے مطابق شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بینک اکائونٹس میں منی لانڈرنگ، کرپشن اور مجرمانہ سرگرمی کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ21ماہ کی تحقیقات میں 20سال کے مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔خیال رہے کہ برطانوی ایجنسی نے حکومت پاکستان، نیب اورایسٹ ریکوری یونٹ کی درخواست پر تحقیقات شروع کی تھیں ۔تحقیقات کے دوران شہباز شریف اور شریف خاندان کے برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں اکائونٹس کی چھان بین کی گئی۔واضح رہے کہ شہبازشریف،سلیمان شہباز کے بینک اکائونٹس دسمبر2019ء میں عدالتی حکم پرمنجمدکیے گئے تھے۔شہبازشریف اور سلیمان شہباز کے بینک اکائونٹس کو اعلی درجے کی تحقیقات سے مشروط کیا گیا تھا جبکہ ان اکائونٹس کو پاکستان کی برطانوی حکومت سے کرپشن کاپیسہ واپس لانے کی درخواست کے بعدمنجمد کیا گیا تھا۔