اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے جعلی اکائونٹس کے لیاقت قائم خانی کیس میں شریک ملزم شاہ رخ جمال کی گاڑی سپرداری سے متعلق درخواست میں ملزم کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ پیر کے روز سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل خواجہ حارث اور نیب تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ایک چیز بتا دیں، نیب آرڈیننس کے تحت نیب کے پاس کیا اختیار ہے کہ پراپرٹی کے ساتھ اور کیا فریز کرسکتے ہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے آرڈیننس پڑھ کر سنایا، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تو غیر منقولہ جائداد سے متعلق ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ اہم معاملہ ہے، تفصیلی فیصلہ دیں گے۔