مولانا فضل الرحمن بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں، علی نواز اعوان

309

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخی ترقیاتی منصوبوں سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کو یہ باور کرایا ہے کہ وہ بھی وفاقی دارالحکومت کا حصہ ہیں، سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے، مریم نواز کے ایکسٹینشن والے بیان کے بعد نواز شریف نے بھی سوچا ہوگا کہ یہ کس کی طرف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو قائد اعظم یونیورسٹی سے دیہی علاقے روملی کو ملانے والی سڑک کے افتتاح اور سیکٹر جی نائن میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کے بعد منعقد تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ بلاول زرداری کی محنت سے پیپلز پارٹی کا سندھ سے بھی صفایا ہو رہا ہے اور سب کو الجھانے والے مولانا فضل الرحمن بھی بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں کہ مریم کی بات مانیں یا شہباز شریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے خودداری کی بنیاد پر خارجہ پالیسی ترتیب دی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ حکومت کو کووڈ-19 کی وجہ سے ہونے والی مہنگائی کا احساس ہے اور بہت جلد کم آمدن والے افراد کے لیے احساس کارڈ جاری کیا جائے گا جس میں پانچ ضروریات زندگی کی اشیا پر سبسڈی دی جائے گی۔