جماعت اسلامی مزدور حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد کررہی ہے،سراج الحق

62

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مفادات کے اسیر اور محلات میں مقیم حکمران عوامی مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت سے عاری ہیں۔ ملکی معیشت اور اداروں کو برباد کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ حکمران اشرافیہ کا یوم حساب قریب آگیا، وزیراعظم بتائیں ایک کروڑ نوکریاں کس کو دیں اور 50 لاکھ گھر کہاں تعمیر کیے؟ مدینہ کی ریاست کدھر ہے اور تبدیلی کے نعروں کا کیا بنا؟ حیران ہوں مسلسل ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے والوں کو شرم کیوں نہیں آتی۔ عوام مزید مہنگائی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ حکومت قوم کو مزید امتحان میں مبتلا نہ کرے۔ معیشت کو سود سے آزاد، آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر چارہ نہیں۔ حکومت فوری طور پر اشیائے خوردونوش، ادویات، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کم از کم 35 سے 50 فیصد کمی کرے۔ پی ٹی آئی کے اقتدار میں آنے کے تھوڑے عرصہ بعد ہی ثابت ہوگیا تھا کہ یہ لوگ بہتری نہیں لاسکتے۔ 3 سال بعد ملک 30 سال پیچھے چلا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سرمایہ داروں، وڈیروں، چودھریوں، جاگیرداروں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردے۔ ہم اپنے آپ کو قوم کے سامنے بہتر نعم البدل کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ وعدہ کرتا ہوں کہ اللہ کی تائید و نصرت اور لوگوں کے اعتماد سے ملک کو ترقی کا راستے پر ڈالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جمعہ کو ملک بھر میں ہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ گوجرانوالہ میں عوامی اجتماع سے نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر صوبہ پنجاب وسطی جاوید قصوری و دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں امیر جماعت نے انٹرنیشنل پلیئرز کے اعزاز میں ناشتہ کی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے اقدام پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھارت اور امریکا کی سازش قرار دیا۔ امیر جماعت اسلامی نے اس امر پر بھی دکھ کا اظہار کیا کہ ملک کا وزیراعظم ایک کھلاڑی ہے، مگر اس کے دور اقتدار میں دوسرے شعبوں میں تو کیا کھیلوں میں بھی کوئی بہتری نہیں آئی۔ انہوں نے مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے یہ مطالبہ دہرایا کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ میں مزدور تنظیموں کے مطالبات کے مطابق اضافہ کیا جائے۔ انہوں ے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں کام کے اوقات کار طے کیے جائیں، مزدوروں کی سوشل سیکورٹی اور دیگر مراعات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دوران کام جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے بچوں اور فیملی کی نگہداشت کے اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مگر سرمایہ دار حکمرانوں نے کبھی اس جانب توجہ نہیں دی۔ پی ٹی آئی کے دور میں مزدور، چھوٹے کسان، چھوٹے تاجر، دیہاڑی دار طبقہ مکمل طور پر پس کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ملک بھر کے مزدوروں اور دیگر طبقات کو منظم اور متحدہ کرے گی۔ انہوں نے شرکا سے اپیل کی کہ وہ فلاحی اسلامی پاکستان کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں۔ امیر جماعت نے گوجرانوالہ میں پی پی 57 میں الیکشن آفس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان کو ہدایات دیں کہ وہ پورے عزم اور ہمت کے ساتھ قرآن و سنت کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں۔ جماعت اسلامی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اہل اور دیانتدار قیادت کو آگے لائے گی اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جائیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی معاشرہ کی تشکیل قرآنی تعلیمات کے مطابق کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ ہمارا یہ عزم ہے کہ پاکستان کو وہ منزل دلوائیں گے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قائد اعظم کی رہنمائی میں قربانیاں دیں۔