اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا کے غیر قانونی تقرر پر نیب ریفرنس میں راجا پرویز اشرف سمیت ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی ۔ ہفتے کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔عدالت نے راجا پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کے خلاف ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دے دیا ، کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 6ملزمان نامزد ہیں ۔ عدالت نے سابق سیکرٹری سکندر حیات، سابق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اوگرا جاوید نذیر کی درخواستیں مسترد کر دیں ،نیب کی جانب سے توقیر صادق کے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا ریفرنس بھی دائر ہے ۔عدالت نے فیصلے میں کہا کہ راجا پرویز اشرف ، توقیر صادق تقرر کمیٹی کے چیئرمین اور یوسف رضا گیلانی تقرر اتھارٹی تھے جبکہ توقیر صادق کی تعلیم و تجربہ کم اور اسناد بھی غیر تصدیق شدہ تھیں اور توقیر صادق نے جن کمپنیوں کا تجربہ ظاہر کیا وہ جعلی ثابت ہوئیں۔فیصلے کے مطابق ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ذمے داری کی ادائیگی میں ناکام رہے،توقیر صادق کے تقرر میں جن لوگوں کو نظر انداز کیا گیا وہ بھی بطور گواہ پیش ہوئے اور توقیر صادق کے خلاف قومی خزانے کو نقضان پہنچانے کا ریفرنس بھی دائر ہے۔