ایرانی سفیر کی عراقی کردستان پر حملے کی دھمکی

383

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق میں ایرانی سفیر ایراج مسجدی نے عراق کے صوبے کردستان کے علاقوں کو نشانہ بنانے اور فوجی آپریشن کرنے کی دھمکی دی ہے۔مسجدی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر بغداد یا اربیل ایرانی اپوزیشن کی طرف سے کردستان کی زمین کو ہمارے خلاف استعمال سے روکنے سے قاصر ہیں تو تہران حزب اختلاف کی مخالف تنظیموں کے خلاف خود فوجی آپریشن کرے گا ، چاہے وہ عراق میں ہی کیوں نہ ہو۔ایران کے عراق میں سفیر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی عراق میں امریکا اور اسرائیل نے اڈے بنا رکھے ہیں۔اس تناظر میں پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیر جنرل علی فدوی نے کہا کہ امن کے لیے ایران کہیں بھی کارروائی کرسکتا ہے۔ ان کے اس بیان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ ایرانی انٹیلی جنس وزیر کی دھمکی شام، عراق، یمن اور لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کھلا ثبوت ہے۔ سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ ایران کی مداخلت کے نتیجے میں مسلمان اور عرب ممالک میں کروڑوں لوگ بے گھر ہوگئے اور لاکھوں اموات کا ذمے دار بھی ایران ہے۔پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر نے جمعہ کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ امن کے لیے ہم کہیں بھی مداخلت کرسکتے ہیں۔ یمن اور شام کو دیکھیں۔