سکھر، مختلف محکموں سے نکالے گئے برطرف ملازمین کا مظاہرہ

156

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھرمیں مختلف محکموں اور اداروں سے نکالے گئے برطرف ملازمین کا مظاہرہ، مظاہرین نے سپریم کورٹ سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا، سکھر میں سوئی گیس، اسٹیٹ لائف، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، سول ایوی ایشن، او جی ڈی سی ایل، پی ایس او و دیگر اداروں و محکموں سے نکالے گئے سیکڑوں کی تعداد میں برطرف ملازمین نے پریس کلب کے سامنے پہنچ کر اپنی برطرفیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی مظاہرین کی قیادت خادم حسین شیخ ،جاوید قریشی،بدرماکو،مختار شاہ و دیگر نے کی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ملازم ایکٹ بل کے خاتمے کے فیصلے سے ملک میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں، ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں، ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے، اس لیے اس صورتحال کا چیف جسٹس نوٹس لیں، ہمارا احتجاج بھی ان کی توجہ دلانے کے لیے ہے۔ انہوں نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی کہ وہ ملازم ایکٹ بل ختم کرنے کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ملک کے لاکھوں ملازمین اور ان کے خاندانوں کو فاقہ کشی سے بچائے۔