سکھر،کورونا ویکسی نیشن چیکنگ ،پنجاب جانے وال 10 گاڑیوں کا چالان

237

سکھر (نمائندہ جسارت) کورونا ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد کیخلاف محکمہ پولیس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ بھی حرکت میں آگیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر کی قیادت میں پنجاب سے کراچی جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ، دس سے زائد گاڑیوں کا چالان، سندھ حکومت کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا، خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں بند اور چالان کیے جائیں گے۔ کورونا ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد کیخلاف سندھ حکومت کے جاری انتہائی سخت احکامات پر محکمہ پولیس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ بھی حرکت میں آگیا۔ گزشتہ روز محکمہ ٹرانسپورٹ سکھر کے عملے نے ڈسٹرکٹ آفیسر فیاض منگی کی نگرانی میں سکھر کی قومی شاہراہ پر پنجاب سے کراچی جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہوئے ایس او پیز سمیت کورونا ویکسین نہ کرانے والے ڈرائیور و کلینرز سمیت دس سے زائد گاڑیوں کا چالان کیا۔ کارروائی کے حوالے سے آر ٹی او سکھر فیاض منگی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں بند اور چالان کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سکھر کی جانب سے گاڑیوں کو چیکنگ سمیت بغیر ویکسین مسافروں، ڈرائیورز اور کلینرز کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرانے سمیت خلاف ورزی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔