دادو جعلی پنشن آئی ڈیز ،اربوں روپے کی کرپشن ،4 افراد گرفتار

144

دادو (نمائندھ جسارت) خزانہ آفس حیدرآباد سے جعلی پنشن آئی ڈیز کے ذریعے تین ارب روپے سے زائد کی کرپشن کیس میں نیب کراچی کی دادو کے عزیز آباد کالونی میں ڈاوچ برادری کے گھروں پر چھاپے، نیب ٹیم کراچی مبینہ طور پر چار افراد گرفتار کرکے لے گئی۔ ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے ماجد علی، احسان علی ڈاوچ، اختر علی اور ڈرائیور عبدالرحمن ملاح کو گرفتار کرلیا۔ نیب ٹیم نے جمعرات کی صبح فجر کے وقت کارروائی عمل میں لاکر جعلی پنشن آئی ڈیز کے ذریعے رقم حاصل کرنے والے چار افراد کو گرفتار کرکے روانہ ہوگئی۔ نیب نے تین افراد کو احتساب عدالت کراچی میں پیش کیا، احتساب عدالت نے جعلی پنشن آئیڈیاز کے ذریعے بینک اکاوئنٹس کے ذریعے سرکاری خزانے کو ایک ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے دادو سے گرفتار تین ملزمان عبدالرحمن ملاح، ماجد علی ڈاوچ اور احسان علی ڈاوچ کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ ملزمان کو سابق ایڈیشنل اکاوئنٹ آفیسر حیدرآباد مشتاق احمد شیخ و دیگر کیخلاف جاری تحقیقات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق ملزمان نے جعلی ملازمین کے ذریعے 2012-17ء تک جعلی اکاوئنٹس میں پنشن حاصل کی تھی، ملزمان نے جعلی پنشن بلز سے سرکاری خزانے کو ایک ارب روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ ملزم عبدالرحمن ملاح پر 130 ملین روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ ملزم ماجد علی ڈاوچ پر 55 ملین اور ملزم احسان علی ڈاوچ پر 569 ملین کی کرپشن کا الزام ہے۔