بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں،پورا سکھر تباہ کردیا،عدالت عظمیٰ

174

کراچی(نمائندہ جسارت) سپریم کورٹ نے سکھر میں لب مہران پارک پر غیر قانونی تعمیرات اور قبضے سے متعلق کیس میں سندھ حکومت اور سکھر انتظامیہ کو کچھوو¿ں کےلیے محفوظ راستہ بنانے کا حکم دیتے ہوئے وائلڈ لائف، سیکرٹری آبپاشی اور کمشنر سکھر کو آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔عدالت عظمی نے میونسپل کارپوریشن سکھر کی لب مہران پارک کی حوالگی سے متعلق درخواست مسترد کردی۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بینچ کے روبرو لب مہران پارک پر غیر قانونی تعمیرات اور قبضہ سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔میونسپل کارپوریشن سکھر کے وکیل رفیق کلہوڑ نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے لب مہران پارک کا انتظام محکمہ آبپاشی کے حوالے کردیا تھا۔ ناظم کے دور میں پارک کا نظام زبانی طور پر میونسپل کو سونپا گیا تھا۔ پارک کا انتظام باقاعدہ سکھر میونسپل کو دیا جائے تاکہ اس کی بہتر دیکھ بھال ہوسکے۔عدالت نے ریمارکس دیے آپ کا کوئی حق نہیں بنتا، ہینڈ اوور سے پارک کی ملکیت کا دعوی نہیں کرسکتے۔ جسٹس قاضی محمد امین احمد نے ریمارکس دیے سکھر میں بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں۔ آپ کے پاس ویکسین تک نہیں۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس میں کہا کہ آپ پارک کا انتظام کسی اور وجہ سے لینا چاہتے ہیں۔ آپ نے وہاں لوگوں کو سب لیز دے رکھی ہیں۔چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ کیا سمجھتے ہیں ہم نے سکھر نہیں دیکھا۔ ہم نے سکھر کا ایک ایک چپا چپا دیکھا ہے۔سکھر کی تباہ حالی اور کچھوو¿ں کی دیکھ بھال نہ ہونے پر چیف جسٹس برہم ہوگئے۔چیف جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ سے ہزاروں کچھوے نکلتے ہیں کوئی دیکھ بھال کرنے والا نہیں۔ سکھر انتظامیہ کا حال ہمارے سامنے ہے سب ہمیں پتاہے۔ سارے کچھوے گاڑیوں کے نیچے آکر مرجاتے ہیں۔ کیا چھوڑا ہے سکھر میں؟ تباہ کردیا ہے پورا سکھر۔ ڈولفنز بھی ساری ختم کردی گئیں، کرتے کیا ہیں یہ لوگ؟ کچھوو¿ں کو ایک محفوظ راستہ نہیں دے سکے کہ وہ دریا سے نکل کر کینال میں چلے جائیں۔عدالت عظمی نے سندھ حکومت اور سکھر انتظامیہ کو کچھوو¿ں کےلیے محفوظ راستہ بنانے کا حکم دیتے ہوئے دریا سے نکلنے والے کچھوو¿ں کی ہر ممکن حفاظت کے اقدامات کی ہدایت کردی۔عدالت نے وائلڈ لائف، سیکرٹری آب پاشی، کمشنر سکھر کو آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا جبکہ سندھ حکومت اور میونسپل کارپوریشن سکھر کو بھی انتظامات کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے میونسپل کارپوریشن سکھر کی لب مہران پارک کی حوالگی سے متعلق درخواست مسترد کردی۔