کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور کالے دھن کی بیرون ملک منتقلی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے خطیر رقم اور حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ میں استعمال ہونے والے کھاتوں کی تفصیلات سے متعلق دستاویزات بھی برآمد کرلی گئیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ ٹیم نے ڈاکٹر بانو روڈ پر ایک عمارت میں قائم حوالہ ہنڈی کی غیرقانونی سرگرمیوں کی اطلاع پر کارروائی کرکے 4 ملزمان حیات اللہ، عبدالرحیم، امان اللہ اور سید نور الدین کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران 57 لاکھ 85 ہزار روپے نقد ،مختلف بینکوں اور کھاتوں کی 100 چیک بکس، 246استعمال شدہ چیک بکس ، مختلف بینکوں کی554رسیدیں،3 ڈائریاں ، 10 اسٹمپ، 2 موبائل اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئیں۔ ایف آئی اے نے چاروں گرفتارملزمان اور ان کے 2 مفرور ساتھیوں امین اللہ اور عطاء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مختلف پارٹیوں سے اپنے بینک کھاتوں میں اور پاکستانی روپے میں نقد رقوم وصول کرتے تھے اور پھر متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں آگے باقی پارٹیوں کو یہ رقوم غیر قانونی طریقے سے فراہم کرتے تھے ۔ملزمان کا دبئی میں بھی حوالہ ہنڈی کا کاروبارقائم ہے۔