کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے غیر قانونی حوالہ ہنڈی اور کالے دھن کی بیرون ملک منتقلی میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے خطیر رقم اور حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ میں میں استعمال ہونے والے کھاتوں کی تفصیلات سے متعلق دستاویزات بھی برآمد کرلی گئیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کوئٹہ کو معتبر اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ کے علاقے ڈاکٹر بانو روڈ پر ایک عمارت میں قائم حوالہ ہنڈی کی غیرقنانوی سرگرمیوں ہورہی ہیں جس پر ایف آئی اے کی ٹیم نے کارروائی کرکے چار ملزمان حیات اللہ، عبدالرحیم، امان اللہ اور سید نور الدین کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی کے دوران 57 لاکھ 85 ہزار روپے نقدی، مختلف بینکوں اور کھاتوں کے 100 چیک بکس، 246 استعمال شدہ چیک بکس ،مختلف بینکوں کی 554 رسیدیں، تین ڈائریاں، 10 اسٹیمپ، 2 موبائل اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئیں۔