مہنگائی میں کمی نمائشی اجلاس سے نہیں اقدامات سے ہوگی، شہباز شریف

159

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدترین مہنگائی میں کمی بے فائدہ اور نمائشی اجلاس بلانے سے نہیں، صرف ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے، ہمارے دور میں 52 روپے فی کلو ملنے
والی چینی کی قیمت میں موجودہ حکومت نے 52 روپے سے زائد اضافہ کیا، یہ ہے نیا پاکستان، ہمارے دور میں 35 روپے فی کلو ملنے والے آٹے کو موجودہ حکومت نے 75 روپے سے اوپر پہنچا دیا، انڈے، گوشت، مرغی، دال، گھی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ گزشتہ روز اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عوام کی خوراک کی تمام بنیادی اشیا مہنگی کرکے وسائل جمع کرنا بدترین ظلم ہے، معاشی تباہی، بے روزگاری اور بدترین مہنگائی کی ذمے دار موجودہ نااہل حکومت اور اس کی چوریاں ہیں، حکومت کے مسلسل غلط معاشی اقدامات نے معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کو جنم دیا ہے ، قوم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے۔