لاہور/کراچی( نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف آج جماعت اسلامی کے تحت ملک گیر احتجاج ہو گا جس میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ مظاہروں سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر قیادت خطاب کرے گی۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور امیر صوبہ پنجا ب وسطی جاوید قصوری گوجرانوالہ کے پنڈی بائی پاس پر ہونے والے بڑے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ راولپنڈی میں ہونے والے مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، امیر راولپنڈی عارف شیرازی، ملتان میں امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو ظفر اقبال، پشاور میں عتیق الرحمن، کوئٹہ میں امیر بلوچستان عبدالحق ہاشمی، گوادر میں سیکرٹری جنرل بلوچستان ہدایت الرحمن بلوچ اور لاہور میں امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد مظاہرے سے خطاب کریں گے۔جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی، حیدرآباد،ٹھل، میرپورخاص، ٹھٹھہ، لاڑکانہ، ٹنڈوآدم، ٹنڈوالہیار، نواب شاہ،گھارو سمیت دیگر مقامات پراحتجاجی مظاہرے ہوں گے جس سے صوبائی،ضلعی ومقامی رہنما خطاب کریں گے جبکہ علما کرام خطبات جمعہ میں کمرتوڑ مہنگائی اور حکومت کے اسلام دشمن اقدامات کیخلاف اظہار خیال کریں گے۔امیر جماعت اسلامی سندھ محمدحسین محنتی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگائی اورحکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔ دریں اثنا حیدرآباد فقیر کا پڑپر دن2:30بجے، میرپورخاص مدینہ چوک پر دن 2بجے،ٹنڈوالہیار لیاقت گیٹ پر دن ڈیڑھ بجے، ٹنڈوآدم پریس کلب پرشام 5بجے ، ٹھٹھہ پریس کلب پرشام 4بجے، گھاروٹائون کمیٹی پر دن 2بجے ، نواب شاہ پریس کلب پر دوپہر ڈیڑھ بجے ،تحصیل مقام ٹھل جونگل موڑ سے پریس کلب پر صبح10 بجے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔