اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اُدھر سندھ کے مختلف علاقوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ آج لاہور،
گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور، ایبٹ آباد، چترال اور دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسیں گے جب کہ سندھ میں حیدر آباد، عمر کوٹ، مٹھی میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔