سکھر (نمائندہ جسارت) سکھرمیں سیپکو ملازمین کا یوم مطالبات، پریس کلب کے سامنے دھرنا، ملازمین کا بجلی کمپنیوں سے بی او ڈیز ختم کرنے کا مطالبہ، نجکاری کے عمل کیخلاف سخت مزاحمت کا اعلان، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کی جانب سے بجلی کمپنیوں کی نجکاری ،افسر شاہی کی زیادتیوں کے خلاف دی گئی احتجاج کی کال پر سکھر میں سیپکو ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی کرکے یوم مطالبات منایا اور پریس کلب کے سامنے سیکڑوں ملازمین نے ریجنل وائس چیئرمین سید زاہد حسین شاہ، زونل چیئرمین شجاع گھمرو، عبدالرئوف دایو، نذر میمن، محمد علی، عرفان قاضی، دیدار حسین ،اشفاق مہر و دیگر کی قیادت میں دھرنا دیا اور حکومت کے نجکاری کے عمل کیخلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کمپنیوں میں قائم بورڈ آف ڈائریکٹرز کمپنیوں پر اضافی بوجھ ہیں، ان کا خاتمہ کیا جائے اور بجلی کمپنیوں کی ممکنہ نجکاری کے عمل کو روکا جائے اگر حکومت نے ایسی کوئی کوشش کی تو اس کی ملک بھر میں سخت مزاحمت کریں گے انہوں نے افسر شاہی کو بھی متنبہ کیا کہ ملازمین کیخلاف بلاجواز کارروائیاں بند کرکے ان کے ساتھ اپنے رویے کو بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کا گھیراؤ کیا جائے گا۔