اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت صنفی مساوات کے حصول کے لیے ایک جامع روڈ میپ اپنائے گی، حتمی شکل دینے سے قبل مجوزہ 2 سالہ روڈ میپ کو اس شعبے کے ماہرین ، انڈسٹری لیڈرز اور پالیسی
تھنک ٹینکس کے سامنے پیش کیا جائے اور ان کی آرا طلب کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صنفی ترقی اور مساوات کے ایجنڈے کو قومی ترجیح بنایا ہے۔ وفاقی وزیر نے صنفی بااختیاری کو قومی ترجیح بنانے اور موجودہ صورتحال میں فوری ردعمل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میںمسودہ صنفی روڈ میپ پیش کیاگیا جس میں تمام قومی پالیسیوں ، پروگراموں ، دفاتر اور کلیدی انتظامی عمل کے لیے صنفی مساوات کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔