لاہور (نمائندہ جسارت) سابق صدور پرویز مشرف، آصف زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے متعلق زیر التوا کیسز پر سماعت کیلیے لاہور ہائیکورٹ نے فل بینچ تشکیل دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ کل سے ان کیسز پر سماعت کرے گا۔ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شجاعت علی خان شامل ہیں۔ رانا علم الدین غازی ایڈووکیٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کی ایمرجنسی اور سابق صدر آصف علی زرداری کے 2 عہدوں کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ شاہد نسیم اور اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق درخواستیں دائر کی تھیں۔