اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بے روزگاری کا مجرم وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جب تک بے روزگار نہیں ہوں گے، عوام کو روزگار نہیں ملے گا، عمران صاحب گھر جائیں تاکہ قوم کو ریلیف ملے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لیبر فورس سروے عمران خان کے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدے کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے، عمران صاحب کی وجہ سے لاکھوں کروڑوں گھرانوں کے چولہے بجھ گئے، عوام کا روزگار ختم ہوگیا لیکن عوام کو لوٹنے والے اے ٹی ایم اور مافیا کو روز نوکری مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا عمران صاحب کی 8 سال کی حکومت کے بعد خیبر پختونخوا بے روزگاری میں نمبر ایک ہے، کیا خوفناک تبدیلی لائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی معیشت سکڑنے سے ملک میں بے روزگاری خوفناک حد تک بڑھ چکی ہے، سروے سے ثابت ہوگیا کہ معاشی تباہی سے لوگوں کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونے پڑگئے۔ پی ٹی آئی کے پہلے سال میں ہی بے روزگاری 5.8 سے 6.9 فیصد ہونا عمران صاحب کی ناکامی،نااہلی اور کرپشن کا ثبوت ہے۔