لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ پی ٹی آئی کی خارجہ پالیسی کمزور ی اور بے بسی کا نشان بن کر رہ گئی، وزیراعظم اور ان کی ٹیم ٹی وی پر بیٹھ کر روزانہ قوم کو دھوکا دیتے ہیں، پارلیمنٹ بے توقیر اور ادارے کمزور ہو چکے۔
سراج الحق نے کہا کہ نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں اپنے مفادا ت کے تحفظ کے لیے دست و گریبان ہیں، وزیراعظم نے ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے تو سامنے لائیں،انھوں نے ہر معاملے پر یوٹرن لیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام آئندہ الیکشن میں روایتی سیاست دانوں، جاگیرداروں اور وڈیروں کو مسترد کریں گے، قوم متحد ہو جائے اور حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اجتماعی اور انفرادی طور پر رجوع الی اللہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ لوگ سیرت نبوی کا مطالعہ اور اس کی پیروی کریں ۔ مشکلات کے بعد آسانی کے دروازے کھلتے ہیں ۔ یقین سے کہتاہوں پاکستان کی مشکلات ختم ہو جائیں گی ۔ جماعت اسلامی عوام کی مدد سے ملک میں نظام مصطفی لائے گی ۔
سراج الحق نے کہاکہ بائیس کروڑ عوام میں سے نوے فیصد سے زیادہ کے لیے آئے روز مشکلات اور پریشانیاں بڑھ رہی ہیں، ملک کے ریسورسز پر قابض دو فیصد طبقہ نے عوام کے وسائل ہڑپ کر رکھے ہیں ۔ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں سے جان چھڑائے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہاکہ تینوںبڑی سیاسی جماعتیں سرمایہ داروں اور وڈیروں کے کلبز ہیں، خاندانوں کی سیاست، مافیاز نے ملک تباہ کر دیا۔ پی ٹی آئی نے تبدیلی کے بلند و بانگ دعوے کیے مگر ان میں سے ایک بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہنچا ۔ تین سال گزارنے کے بعد پی ٹی آئی کے ووٹرز اور سپورٹرز کی اکثریت بھی یہ بات کہنے پر مجبور ہے کہ الیکشن میں ان سے غلطی ہوئی ۔