دادو، صحافی کی زمین پر بااثر مافیا کی جانب سے قبضے کیخلاف احتجاج

108

دادو (نمائندہ جسارت) سینئر صحافی مقصود چانڈیو اور ظہیر چانڈیو کی زمین پر بااثر مافیا کی جانب سے قبضے کرنے اور زمین سے واپسی پر فائرنگ کرنے کیخلاف دادو پریس کلب کی جانب سے صدر صابر بھنڈ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی گلن بھنڈ، سرور جلال سولنگی، مقصود چانڈیو، ظہیر چانڈیو، اعجاز چانڈیو، کامران کورائی، لیاقت ملک، ممتاز علی بھنڈ، خالد عباسی، ندیم شاہانی، علی گل چنا اور دیگر نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر قبضہ مافیا کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ سینئر صحافیوں کی زمین پر بااثر قبضہ مافیا پٹھان اور ان کے دیگر ساتھیوں کی جانب سے زمین پر قبضہ کرنے اور واپسی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں سیدھی فائرنگ کرکے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سینئر صحافیوں مقصود چانڈیو اور ظہیر چانڈیو کی دیھ کوٹری ضلع جامشورو میں زرعی زمین ہے، جس پر بااثر قبضہ مافیا پٹھان اور ان کے دیگر ساتھیوں نے زبردستی قبضہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹھان کا ایک گروپ ہے جن کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی جو کہ بااثر قبضہ مافیا ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس، ایس ایس پی جامشورو اور دیگر متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ قبضہ مافیا اور ان کے ساتھیوں کیخلاف قانونی کارروائی کرکے زمین سے قبضہ ختم کروایا جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔