ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) خواتین کی ترقی کی صوبائی وزیر شہلا رضا اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی جاوید نایاب لغاری کی ٹھٹھہ میں کھلی کچہری، عوام کی جانب سے مسائل کے انبار، متعلقہ افسران کو مسائل حل کے احکامات، کھلی کچہری جلد ختم کرنے پرعوام کا احتجاج۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات پر عوام کے مسائل سننے کے لیے ٹھٹھہ جیم خانہ میں کھلی کچہری منعقد کی گئی، خواتین کی ترقی کی صوبائی وزیر شہلا رضا اور معاون خصوصی جاوید نایاب لغاری نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ٹھٹھہ ضلع کے عوام کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ایگزیکٹو انجینئر پراونشل ہائی وے کی جانب سے کھلی کچھری میں غیر حاضری پر انہیں معطل کرنے اور نوٹس جاری کرنے کی ہدایات دی۔ عوام کی جانب سے مختلف شکایات کے مسائل کے لیے متعلقہ افسران سے جواب طلبی کرکے عوام کے مسائل موقع پر حل کرنے کی ہدایات دی، عوام نے صوبائی وزیر کے سامنے صحت، تعلیم ، پانی کی قلت ڈرینج، اسکولوں کی عمارات کی خستہ حالی اور دیگر شکایات کے انبار لگا دیے، جھمپیر ونڈ پاور کمپنی میں مقامی لوگوں کو نظر انداز کرنے کی ڈی سی ٹھٹھہ سے جواب طلبی کی۔ ڈی سی ٹھٹھہ نے مسائل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ آئی بی یونیورسٹی کی جلد مکمل کرنے اور سول اسپتال مکلی میں سی ٹی اسکین اور ایم آئی آر کا قیام پروگرام میں شامل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ ضلع ٹھٹھہ کے مختلف شہروں میں گٹکا فروخت کی شکایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ کو بھی ہدایت کی کہ فوری طور پر منشیات پر قابو پایا جائے۔ چھتو چنڈ کے پرائمری اسکول میں اساتذہ کی تقرری نہ ہونے پر فوری طور پر اساتذہ کی تقرری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ گجو شہر میں صاف پانی کی فراہمی اور یوسی پلیجانی میں واٹر سپلائی کی اسیکم کے متعلق پی سی ون بناکر رپورٹ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ کھلی کچہری جلد ختم کرنے پر عوام نے صوبائی وزیر کے سامنے سخت احتجاج کیا۔