کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر +آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے سوال کیاہے کہ پیٹرول 5 روپے مزید مہنگا ہو گیا، خان صاحب! قوم کے اچھے دن کب آئیں گے؟۔ بلاول ہائوس میڈیاسیل سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا کر عمران خان نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ماراہے۔انہوں نے کہاکہ ڈالر، پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہوںگے تو ہر شے دسترس سے دور ہوتی چلی جائیگی، عمران خان نے کہا تھا کہ میں رلائوں گا، آج پوری قوم رو رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عوام رو رہی ہے اور عمران خان چین کی بانسری بجا رہے ہیں، بجٹ کے بعد عوام کو ریلیف پہنچانے کے وہ بڑے بڑے دعوے کہاں گئے ؟ سستا پیٹرول دینے کا جھوٹ بول کر اقتدار میں آنیوالے آج تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول بیچ کر اس کا دفاع بھی کر رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جمع اربوں روپے پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں اڑا دے گی۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں شازیہ مری اور فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران مہنگائی کی شرح میں جواضافہ ہوا اس کی مثال نہیں ملتی، شوکت ترین سمیت ماضی کے وزرائے خزانہ نے معیشت بہتری کے شادیانے بجائے جبکہ موجودہ نیازی حکومت نااہل ،نالائق ہے اور وزیراعظم عوام پر ظلم کررہے ہیں،حکومت سے جان چھڑانے کا طریقہ یہی ہے کہ اس کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا جا سکتا ہے، نااہل حکومت کی نشانی ہے کہ وہ خود کو بہتر کرنے کی بجائے افسران کو تبدیل کرتی ہے۔