تباہی سرکار نے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا،شازیہ مری

82

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرکزی اطلاعات سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ تباہی سرکار کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے عوام دشمن فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور نیازی حکومت نے گزشتہ تین ماہ میں 6 مرتبہ پیٹرول مہنگا کر عوام کے اوپر مہنگائی کا بم گرایا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی کی اندھی حکومت ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اور لوٹ مار کے مشن پر گامزن ہے اور ملک میں ریکارڈ مہنگائی اور بے روزگاری کر کے غریب عوام کے ساتھ ظلم کیا جارہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں کو عوام کی تکلیفوں کی کوئی بھی فکر نہیں اور وہ آئے روز پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرتے جارہے ہیں، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کیلیے زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے جبکہ جھوٹی سرکار کے عوام کو ریلیف دینے کے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے کو فوری واپس لیا جائے۔